پولیس مقابلے اور دیگر کارروائیوں میں 4 زخمی ملزمان سمیت 93 گرفتار

167

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پولیس نے شہر قائد میں چھاپا مار کارروائیوں کے دوران 93 ملزمان کو گرفتارکرلیا ، 4ملزمان مبینہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ہوئے ،دیگر گرفتار شدگان میںقتل اوراقدام قتل کے ملزمان کے علاوہ منشیات فروش، ڈکیت ، رہزن اوررموٹرسائیکل چور بھی شامل ہیں۔ تفصیلا ت کے مطابق شاہ لطیف ٹائون پولیس نے شاہ لطیف نزد مسعود چوک کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد 4 ملزمان نادرعلی ولد عبداللطیف، علی حمزہ ولد اختیاراوریاسین ولد غازی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزمان کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا،توملزمان نے فرارہونے کی غرض سے پولیس پر فائرنگ کی،پولیس کی جوابی فائرنگ سے تین ڈاکو زخمی حالت میں دھر لیے گئے،جنہیں طبی امداد کیلیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔جوہر آباد پولیس نے مقابلے اور تعاقب کے بعد ایک خاتون نادیہ صداقت کو لوٹ کر فرارہونے کی کوشش کرنے والے ایک ملزم محمد اسد ولد نصراللہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پاکستان بازار پولیس نے شہر ی محمد زاہد سے لوٹ مار کرنے والے3 ملزمان احمد شہزاد، محمد رمضان اور محمد زاہد کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کر کے تین پستول ،نقدی‘ ،موبائل فون اور علاقے سے چھینی جانے والے موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ شاہ فیصل کالونی پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ڈکیتی ،اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث 4ملزمان اسحاق عرف سکیہ،عمیر ملک عرف آلو ،جوشوا عرف سونو عرف بھتیجا اور محبوب علی کو گرفتار کر کے فیروز آباد ،شاہ فیصل کالونی ،کھوکھرا پار ،اور الفلاح سے چوری شدہ پانچ موٹر سائیکلیں، موٹر سائیکلوں کے پارٹس ،تین ریوالور اور موبائل فون برآمد کر لیے۔ابراہیم حیدری پولیس نے منشیات فروش شبیر کوگرفتارکرکے ڈیڑھ کلو سے زائد چرس اور موبائل فونز برآمدکرلیا۔ اورنگی ٹائو ن پولیس نے منشیات فروش قاسم کو گرفتارکرلیا۔سرجانی ٹائو ن پولیس نے3 منشیات فروشوں کوگرفتارکرلیا۔ سہراب گوٹھ پولیس نے منشیات فروش خان بادشاہ کو گرفتارکرلیا۔جبکہ غیر قانونی طورپر ڈیزل فروخت کرنیوالے 3 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔سولجربازار پولیس نے ایک منشیات فروش کوگرفتار کر لیا۔ چاکیواڑہ اور کلری پولیس نے2 موٹر سائیکل لفٹرز کو گرفتارکرلیا۔کراچی پولیس کے ایسٹ زون نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 48 ملزمان کو گرفتارکیا۔ ملزمان میں قتل ،اقدام قتل ، ڈکیتی ،رہزنی اور موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر جرائم میںملوث ملزمان شامل ہیں ۔