اساتذہ کی بھرتیاں میرٹ پرہوںگی ‘صوبائی وزیرتعلیم

130

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم کے شعبہ میں انقلابی اقدامات کررہی ہے‘ گزشتہ 7 سے 8 برسوں کے دوران جو اساتذہ بھرتی کیے گئے ہیں وہ میرٹ پر ہوئے ہیں اس بار اساتذہ کی بھرتیوں کی جو پالیسی مرتب کی گئی ہے، اس میں مجھ سمیت کسی کی بھی مداخلت نہیں ہوسکے گی اور تمام امیدوار اپنی قابلیت کے اعتبار سے ٹیسٹ اور انٹرویو دے کر ہی نوکری حاصل کرسکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کے روز آل پاکستان پرائیویٹ اسکول مینجمنٹ (APSMA)کی 30 ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ تقریبسے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے تبادلے اور تقرریوں کی پالیسی کو بھی مکمل شفاف بنادیا ہے اور اب جہاں ضرورت ہوگی وہاں اساتذہ ای پورٹل کے تحت آن لائن ہی اپنے تبادلے کی درخواست دے سکیں گے۔ نجی اسکولوں کی ایسوسی ایشنز سے استدعا ہے کہ جو اسکولز اب تک رجسٹرڈ نہیں ہیں ان کو رجسٹرڈ کرایا جائے تاکہ ہمیں اپنے صوبے میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو مکمل ڈیٹا حاصل ہوسکے۔انہوںنے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ کا فقدان ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس بار ہم نے اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے جو پالیسی مرتب کی ہے، اس میں مکمل میرٹ اور شفافیت کو فوقیت دی گئی ہے۔