پی ڈی ایم کا آج قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ کا اعلان

145

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا کوئی بھی رکن آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔میڈ یا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی عدم شرکت کے بعد اس اجلاس کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں،عمران خان اپنی پارٹی کے ارکان کو بکائو مال کہہ رہے ہیں ، آج وہ اعتماد ان ارکان سے بھی لیں گے ،صدر مملکت نے اجلاس بلانے کے لیے یہی لکھا ہے کہ اکثریت کا اعتمادکھوچکے ہیں ، عمران خان نے جس لب ولہجے میں قوم سے خطاب کیا اس سے شکست جھلک رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل تمام اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ (آج) ہفتے کو وزیر اعظم کے اعتماد کے ووٹ لینے سے متعلق بلائے گئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں کا موقف ہے کہ ہفتے کو بلایا گیا اجلاس غیر قانونی ہے اور غیر قانونی اجلاس میں اپوزیشن کا کوئی رکن شرکت نہیں کرے گا۔علاوہ ازیںمولانا فضل الرحمن نے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس 8 مارچ کو 2 بجے زرداری ہائوس اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔اجلاس میں چیئرمین سینیٹ ، ڈپٹی چیئرمین کے ناموں کی منظوری دی جائے گی اور لانگ مارچ سے متعلق مشاورت ہوگی۔دوسری جانب چیئرمین پی پی بلاول زرداری نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک کو ٹیلی فون کیا ہے۔ بلاول زرداری نے اختر مینگل اور ڈاکٹر عبدالمالک کو سینیٹ میں پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جیت کی مبارک باد دی اور کہا کہ پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی کامیابی جمہوریت کی فتح ہے، اپوزیشن کے مضبوط اتحاد نے حکومتی صفوں میں دراڑیں ڈال دی ہیں، عمران خان کی نام نہاد تبدیلی کو حکومت کے باضمیر عوامی نمائندوں نے بھی مسترد کردیاہے۔