وزیراعظم آج بکاؤ ارکان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے‘ مریم نواز

210
اسلام آباد: ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز پارٹی کے پارلیمانی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہی ہیں

اسلام آباد (آن لائن ) ن لیگ کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعظم آج بکاؤ ارکان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے‘ ادارے عمران خان کے ساتھ کھڑے نہ ہوں‘ اسلام آباد کی ایک نشست نے آپ کا کچا چھٹا کھول دیا‘ ہم نے جیلیں بھگتیں لیکن اداروں کو متنازع نہیں بنایا‘ ن لیگ کشمیر سے بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم کو بتانا چاہتی ہوں اور اداروں کو بھی سمجھ آگئی ہے کہ سسلین مافیاز کون ہیں‘ اگر ادارے آپ کے حق میں بات کریں تو ٹھیک اگر نہ کریں تو آپ اداروں کو نشانہ بناتے ہیں‘ الیکشن کمیشن کی کوئی ذاتی رائے نہیں تھی‘ انہوں نے آئینی دائرے میں پوزیشن اختیار کی‘ عدالت عظمیٰ نے بھی الیکشن کمیشن کی اس پوزیشن کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں اپنی اے ٹی ایمز کو ٹکٹ دیتے ہیں وہاں الیکشن کمیشن ٹھیک ہے مگر اسلام آباد کی ایک نشست نے آپ کا کچا چھٹا کھول دیا تو آپ نے الیکشن کمیشن کو متنازع بنانا شروع کردیا‘ ہم نے اداروں کو متنازع نہیں بنایا بلکہ ان کے تقدس کے لیے جیلیں بھگتیں‘ آج بھی ان کے تقدس کی بات کرتے ہیں‘ آپ کی اے ٹی ایمز جتتی ہیں تو الیکشن بالکل ٹھیک ہیں‘ اسلام آباد سے آپ ہارتے ہیں تو الیکشن کمیشن غلط ہے ‘الیکشن کمیشن نے خفیہ بیلٹ پر آئینی پوزیشن لی تھی ہماری بھی وہی پوزیشن ہے کہ آئینی ترمیم پارلیمان کا کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی پوری پارلیمانی پارٹی کھڑی ہے ‘ایک بھی رکن دھونس دھاندلی کے باوجود نہیں ٹوٹا‘ اگر ہمارے ووٹ پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی گئی تو ڈسکہ کی طرح مینڈیٹ پر پہرہ دیںگے‘ 2018ء الیکشن کبھی تسلیم کیا نہ عمران خان کو وزیراعظم تسلیم کرتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ اب یہ بات عوام کو کہنے کے بجائے ادارے عمران خان کو بتائیں کہ وہ عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں‘ اب وہ عمران خان کو کہیں کہ ہمیں سیاست میں مت گھسیٹیںجس دن ان کو عوامی غیظ و غضب کا سامنا کرنا پڑے آپ کو ان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوا نظر نہیں آنا چاہیے۔