کراچی کے عوام 105 روپے فی کلو چینی خریدنے پر مجبور

192

کراچی(آن لائن)چینی کی فی کلو قیمت 100 روپے سے تجاوز کر گئی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق حکومت کے تمام تر دعووں کے باوجود چینی کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔خاص کر شہر قائد کراچی میں چینی کی فی کلو قیمت نے سینچری مکمل کر لی۔ بتایا گیا ہے کہ سندھ میں چند روز کے دوران چینی 7 روپے کلو مہنگی ہوئی ہے جس کے بعد کراچی میں عوام ریٹیل پر فی کلو چینی 105 روپے کی قیمت میں خریدنے پر مجبور ہیں۔بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت چینی کی قیمت کو کنٹرول کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی۔ملک کے دیگر صوبوں میں بھی چینی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے تاہم سندھ میں صوبائی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے چینی کی قیمت سب سے زیادہ ہے۔