وزیراعظم الیکشن کمیشن کیخلاف بیان پر معافی مانگیں،پیپلز پارٹی

133

اسلام آباد (آن لائن)وزیراعظم کے الیکشن کمیشن کے بارے میں غیر ذمے دارانہ بیان پر پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا بیان آئینی ادارے پر دبائو ڈالنا تھا، بیان قابل تشویش ہے، وزیراعظم باضاطہ طور پر معافی مانگیں، عمران خان نے شکست تسلیم کرنے کے بجائے آئینی ادارے کے کردار پر سوالیہ نشان اٹھایا، عمران خان میں شکست تسلیم کرنے کی جرأت اور صلاحیت ہونی چاہیے، اداروں کو متنازع بنانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ فعل ہے۔ آئینی ادارے پر الزامات وزیراعظم کے عہدے کے شایان شان نہیں، عمران اپنا نہ سہی وزیراعظم کے عہدے کا خیال کر لیا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن کے جرأت مندانہ ردعمل کا خیرمقدم کرتی ہے، آئین پاکستان کا جمہوری تحفہ دینے والی جماعت پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی کی بات کی ہے اور اداروں کی تعمیر، تکریم اور توقیر کیلیے اقدامات اٹھائے ہیں۔