گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکاجائے ‘الیکشن کمیشن میں درخواست

249

لاہور(نمائندہ جسارت)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن رکوانے کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا گیا۔ مقامی وکیل اظہر صدیق نے الیکشن کمیشن کو درخواست میں نشاندہی کی ہے کہ علی موسیٰ گیلانی اور مریم نواز کے بیان نے دھاندلی کی تصدیق کر دی ہے۔ درخواست میں باور کرایا گیا کہ عدالت عظمیٰ کی واضح ہدایات کے باوجود انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کیوں نہیں کی گئی اور عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمل نہ کرنا توہین عدالت ہے، علی موسی گیلانی کی وڈیو اور مریم نواز کا بیان دھاندلی کا ثبوت ہے، ان کیخلاف الیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کرکے مقدمہ درج کیا جائے۔درخواست میں نکتہ اٹھایا گیاکہ انتخابات میں دھاندلی قابل دست اندازی جرم ہے اس کی انکوائری کی جائے اس لیے پہلے دھاندلی کے الزامات کی چھان بین کی جائے اور جب تک یہ عمل مکمل نہیں ہوتا گیلانی کا بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا جائے۔