تمام پاکستانی سید علی گیلانی کا احترام کرتے ہیں ، کشمیر کمیٹی

98

اسلام آباد(اے پی پی )شہریار خان آفریدی کی سربراہی میں پارلیمانی کشمیر کمیٹی نے وضاحت کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کی جانب سے حالیہ جنگ بندی کے بارے میں کمیٹی کے ٹوئٹ پیغام کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے اورتمام پاکستانی بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کا احترام کرتے ہیں ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کمیٹی نے اپنے تازہ ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ گزشتہ ٹوئٹ میں سید علی گیلانی سے متعلق کوئی چیز نہیں تھی اورتمام پاکستانی ان کا مکمل احترام کرتے ہیں۔ ٹوئٹ میں کہاگیا کہ جس اکائونٹ کے بارے میں غیر ضروری طورپر شور مچایا جارہا ہے کو چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نہیں سنبھال رہے ہیں۔ پیغام میںتمام فریقوں پر زوردیا گیا ہے کہ وہ متحد ہو کر قابض بھارتی انتظامیہ کی طرف سے نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کو رکوانے اورعالمی سطح پر بے نقاب کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے ۔ ٹوئٹ میں تمام کشمیری کارکنوں سے درخواست کی گئی ہے کہ اگرکسی کے جذبات مجرو ح ہوئے ہیں تو ہم سوال کے جواب میں ٹوئٹ کی وضاحت کر رہے ہیں۔