این اے75ڈسکہ میں دوبارہ انتخاب کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج

227

اسلام آباد (صباح نیوز) تحریک انصاف نے حلقہ این اے75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخاب کرانے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج کردیا۔ جمعے کو تحریک انصاف کے امیدوار علی اسجد ملہی نے درخواست دائر کی جس میں انہوں نے موقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے دستیاب ریکارڈ کا درست جائزہ نہیں لیا اس لیے کمیشن کا فیصلہ حقائق کے برعکس ہے‘ این اے 75 ڈسکہ میں دوبارہ انتخابات کرانے کے حکم کا کوئی جواز نہیں‘ دوبارہ الیکشن سے حلقے کے عوام کو دوبارہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کا ضمنی الیکشن کالعدم قرار دے کر نیا الیکشن کرانے کا فیصلہ کالعدم قراردیا جائے اور انتخابی نتائج جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔