لانگ مارچ کاشیڈول پیش‘ آغاز 26 مارچ کوآغاز ہو گا

103

اسلام آباد (آن لائن)مسلم لیگ( ن) نے اعلان کیا ہے کہ لانگ مارچ کا آغاز26مار چ کو ہو گا ،کارکنوں کو ہر صورت 30 مارچ دوپہر 3 بجے تک اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔یہ فیصلہ مسلم لیگ(ن)کے جنرل کونسل اجلاس میں کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری جنرل (ن) لیگ احسن اقبال نے لانگ مارچ کے بارے میں شیڈول جنرل کونسل کے
سامنے پیش کردیا۔پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کررکھا ہے اور 30 مارچ تک یہ قافلے اسلام آباد پہنچیں گے ۔ صوبوں اور اضلاع کے عہدیداران اپنا شیڈول خود مرتب کریں گے ۔ٹکٹ ہولڈرز، ایم این ایز اور ایم پی ایز اگلے10روز میں ہر حلقے میںکم سے کم5 جلسوں کا انعقاد کریں گے۔ہر صوبے کے ہر حلقے میں10رکنی فعال لانگ مارچ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ہر صوبائی حلقے سے 500 افراد کا قافلہ لانگ مارچ میں شریک ہوگا اور قافلہ مکمل طور پر تیاری کے ساتھ آئے گا ۔مرکزی اور صوبائی عہدیداروں پر مشتمل موثر مانیٹرنگ سسٹم مرتب کیا جائے گا جو رپورٹس لے گا۔مرکزی تنظیموں کےساتھ ساتھ خواتین ،علما، تاجر سمیت تمام ونگز اپنا جلوس مرتب کریںگے ۔ صوبائی اور ڈویژنل صدور ان ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن)کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے تاریخی جدو جہد کر رہی ہے، پی ڈی ایم کی تحریک آخری مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔اس موقع پر(ن)لیگ خیبرپختونخواکے صدر امیرمقام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو بیماری کی حالت میں ہی واپس جیل منتقل کردیا گیا،آخر کب تک یہ ظلم چلے گا ،بہت جلد ہمیں ان سے آزادی ملے گی،میں ڈرنے والا نہیں، نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں۔(ن) لیگ سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ نے کہاکہ سندھ کی سرزمین کبھی آپ کو مایوس نہیں کرے گی، نواز شریف کا بیانیہ پورے ملک کا ہے ،پاکستان میں حق حاکمیت صرف عوام کی ہوگی یہ فیصلہ ہوچکا ہے ،کل جو تاریخی شکست ہوئی ہے وہ واضح ہوچکی ہے ۔(ن) لیگ بلوچستان کے صدر جمال کاکڑ کا کہناتھا کہ 100 سال کی زندگی نہیں شیر کی طرح جرات کی زندگی جینا ہی امر کرتی ہے۔(ن)لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے خطاب میںکہا کہ تکبر اور انتقام میں اس قدر غرق ہیں کہ رات ایک بجے شہباز شریف کو ڈاکٹروں کی ہدایت کے باوجود جیل بھجوادیا،ہم عمران سے وعدہ کرتے ہیں کہ جب انہیں جیل بھیجا جائے گا انہیں ہر سہولت دیںگے ۔انہوں نے کہا کہ 26 مارچ کو لانگ مارچ میں بھرپور شریک ہوںگے۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع والے اپنے شامیانے، خیمے لگائیں گے اور الگ الگ خیمہ زن ہوںگے۔وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے خطاب میں کہا کہ جس فسطائیت کا مقابلہ شریف فیملی اور(ن)لیگ نے کیا وہ تاریک رات ختم اور نئی صبح کا آغاز ہوچکا ہے،جولائی میں آزاد کشمیر کا الیکشن آرہا ہے، کشمیر کے الیکشن میں مداخلت نہ کریں،اگر کسی نے مداخلت کی کوشش کی تو اپنی کابینہ کے ساتھ مل کر وہ پریس کانفرنس کرونگا جو چیتھڑے اڑا دے گی،کل سومنات کا مندر ٹوٹ گیا ہے ،غرور خاک ہوا ہے۔
لانگ مارچ