شہر کی تعمیر و ترقی میں این جی اوز اپنا کردار ادا کریں،صفدر بگھیو

237

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد صفدر بھگیو نے کہا ہے کہ صفائی ستھرائی اور حیدرآباد کی تعمیروترقی میں این جی اوز اپنا اہم کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن حیدرآباد کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ویلفیئر کے صدر عبداللطیف شیخ، جنرل سیکرٹری اظہر شیخ، سینئر نائب صدر خان آفتاب خان، کوآرڈینٹر محمد یاسین، جوائینٹ سیکرٹری دانش جعفری، شاہد راجپوت، ڈائریکٹر ہیلتھ ایچ ایم سی غلام مصطفی قائم خانی، چیف سینیٹری انسپکٹر اشرف حسین، مجاہد علی ودیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ہماری کوشش ہے کہ صفائی ستھرائی و دیگر امور بہتر طریقے سے سرانجام دیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں این جی اوز ایسی جگہوں کی نشاندہی کریں جہاں کچرے کے ڈھیر ہوں تاکہ اس کا فوری سدباب کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جلد ہی ڈور ٹو ڈورآگاہی مہم کا آغاز کررہے ہیں تاکہ لوگوں کو آگاہی دی جاسکے کہ وہ اپنے گھروں کا کچرا گلیوں میں پھینکنے کے بجائے بلدیہ کے فکس پوائنٹ میں ڈالیں تاکہ اسے آسانی سے ٹھکانے لگایا جاسکے۔ انہوں نے بھائی خان ویلفیئر کی یوسی 23 میں صفائی ستھرائی کے حوالے کیے جانے والے کاموں کی تعریف کی۔ اس موقع پر ویلفیئر کے صدر عبداللطیف شیخ نے بتایا کہ بھائی خان ویلفیئر اپنی مدد آپ کے تحت یوسی 23 میں صفائی ستھرائی ودیگر امور پر کام کررہی ہے، آپ کے تعاون کے بغیر ناکافی ہے، درخواست ہے کہ یوسی میں سوئپر کی تعداد میں اضافہ، سولر اسٹریٹ لائٹس لگائی اور مچھر مار اسپرے کرایا جائے۔ ایڈمنسٹریٹر نے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ ویلفیئر سے رابطے میں رہیں اور عوام کی فلاح و بہبود، صفائی ستھرائی ودیگر امور میں تعاون کریں۔