باشعور عورت ہی باوقار معاشرہ تشکیل دے سکتی ہے،کلثوم رانجھا

240

لاہور (وقائع نگار خصوصی) الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ کے تحت لاہور میں خواتین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ خواتین کانفرنس کا سلوگن ’’با شعور عورت، مستحکم خاندان‘‘ تھا جو کہ مختلف سیشنز پر مشتمل تھی، جس میں باشعور خواتین، تیری ذات سے ہیں سلسلے سارے، کامیابی کا سفر اور کلرز آف الخدمت کے عنوانات کے تحت پینل ڈسکشنز، لیکچرز اور درس قرآن کا اہتمام کیا گیا۔ کانفرنس میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن محمد عبدالشکور، صدر الخدمت وومن ونگ کلثوم فاطمہ رانجھا، اسسٹنٹ سیکرٹریز سمیعہ سلمان، صدف شاہد، جنرل سیکرٹری الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ صبا ثاقب، ڈپٹی سیکرٹری جنرل وومن ونگ جماعت اسلامی سکینہ شاہد، سابقہ سیکرٹری عائشہ منور، مصنفہ صائمہ اسما اور مختلف یونیورسٹیز کی طالبات، صحافیات اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں صدر الخدمت فاؤنڈیشن محمد عبدالشکور نے استحکام خاندان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ باشعور مردو عورت مستحکم خاندان کی ضمانت ہے۔ مرد اور عورت کا کردار آئندہ نسلوں کی فلاح کا ضامن اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کا ذمے دار ہے۔ عورت کو معاشرے میں باشعور اور بااختیار بنانے میں الخدمت وومن ونگ کی کاوشیں قابلِ تقلید ہیں۔ صدر الخدمت وومن ونگ کلثوم رانجھا نے کہا کہ باشعور عورت باوقار معاشرہ تشکیل دے سکتی ہے۔ وومن ونگ کی خدمات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پسماندہ طبقے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ان کے مسائل کے حل کے لیے الخدمت وومن ونگ اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے، جس میں مؤثر افراد کے تعاون، فوری صحت، خواتین کے لیے جہیز پیکیج، ونٹر پیکیج، اجتماعی شادیوں اور گھر گھر ضروریات زندگی فراہم کرنا ہے۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض علینہ ارشد نے سرانجام دیے جبکہ اختتام پر طلعت ظہیر نے دعا کروائی۔