پھولوں اور سبزیوں کی نمائش کا مقصد عوام آگاہی پیدا کرنا ہے

210

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ڈویژنل کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے کہا کہ پھولوں اور سبزیوں کی نمائش کا مقصد لوگوں میں ان کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان بلدیہ شہید بے نظیر بھٹو پارک میرپورخاص میں 4 مارچ سے 6 مارچ 2021ء تک جاری رہنی والی ُپھولوں اور سبزیوں کی 63 ویں نمائش کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سلامت علی میمن، اسسٹنٹ کمشنر شاہدہ پروین جھامڑو، اسسٹنٹ کمشنر سندھڑی نذیر میمن، ڈائریکٹر انفارمیشن انفارمیشن سوائی خان چھلگری، سیکرٹری فلاور شو محمد نوازخان ممبران میں منصور احمد چیمہ، کریم میمن، ایس اے خان اور دیگر موجود تھے۔کمشنر نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے گھروں میں پھول لگائیں تاکہ ماحول میں بہتری لائی جاسکے اس کے علاوہ گھروں میں کچن گارڈن بھی آسانی سے بنائے جاسکتے ہیں جس سے لوگ معاشی طور پر مستحکم ہوں گے اور تازہ سبزیوں کے استعمال سے خود کو صحت مند بھی رکھ سکتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کاشتکاروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھنا چاہیے، اس طرح کی نمائش کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کا سبب بنتی ہیں،کاشتکار بیرون ملک سے ایسے پودوں کو لاتے ہیں ان پر محنت کرکے تجربات کی بنا پر ہمارے لیے اگاتے ہیں۔ قبل ازیں کمشنر میرپورخاص کی جانب سے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے اسٹالوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع شاہدہ پروین جھامڑو نے کہا کہ نمائش کے منتظمین قابل تعریف ہیں اور نمائش میں موجود ہر شخص لطف اندوز ہو رہا ہے۔ لوگ خود کو پھولوں کے درمیان دیکھ کر خوشی کا اظہار کررہے ہیں میرپورخاص کے لوگ اس دن کا خاص طور پر انتظار کرتے ہیں اور اس نمائش کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ایک شخص اپنا کردار ادا کرتا ہے۔ اس موقع پر صوفی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔مریم زاہد علی کی جانب سے ہاتھ سے بنی تصاویر بھی نمائش میں رکھی گئی ہیں۔اس کے علاوہ پولیس اور اسکول بینڈ سے بھی محفوظ ہوئے عام لوگوں میں کتاب کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے شاہین بک ڈپو کی جانب سے کتب کا اسٹال لگایا گیا۔ تقریب کے آخر میں فلاور شو مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے ڈویژنل کمشنر، ڈپٹی کمشنر سلامت میمن اور پولیس بینڈ کو شیلڈ پیش کی گئی۔