جیکب آباد، جمس اسپتال میں محنت کش کی بیٹی کا مبینہ غلط آپریشن کرنے کیخلاف احتجاج

232

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جمس اسپتال میں جعفر آباد محلے کے رہائشی محنت کش غلام محمد لغاری کی بیٹی عاصمہ کا مبینہ غلط آپریشن کیا گیا، جس پر ورثاء نے جمس انتظامیہ کیخلاف سخت احتجاج کیا، بچی کے والد غلام محمد لغاری کا کہنا تھا کہ بیٹی کو جمس اسپتال داخل کرایا، غلط آپریشن کی وجہ سے اب بیٹی تکلیف سے تڑپ رہی ہے، جمس انتظامیہ کو کوئی احساس نہیں۔ محنت کش غلام محمد نے سول لائن تھانے پر جمس انتظامیہ کیخلاف شکایت درج کرادی جس کے بعد پولیس جمس اسپتال پہنچ گئی، جمس انتظامیہ کی جانب سے اب محنت کش پر مقدمہ واپس لینے کے لیے دبائو ڈالا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جمس عبدالواحد ٹگڑ سے رابطے کی کوشش کی گئی پر ان کا نمبر اٹینڈ نہیں ہوا۔