ملکی باگ ڈور نااہل ٹولے کے ہاتھ میں آچکی ہے، جاوید قصوری

144

لاہور (نمائندہ جسارت) امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ملک کی باگ ڈور نا اہل ٹولے کے ہاتھ میں آچکی ہے ، جو مسائل کو دیکھ کر گھبرایا ہوا ہے۔ انہیں سمجھ ہی نہیںآرہی کیسے حل کیا جائے۔ حکومت اتحادی بھی کارکردگی سے ناراض دکھائی دیتے ہیں۔ وزیر اعظم کب تک اپنی نااہلی ، ناکام پالیسیوں اور مایوس کن کارکردگی کا ملبہ دوسروں پر ڈالتے رہیںگے۔ ن خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی چلی جارہی ہے۔ ایک دن میں مزید 1388 مریضوں میں اضافہ کے ساتھ کورونا متاثرین کی کل تعداد5لاکھ جبکہ کل ہلاکتوں کی تعداد 13ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے حکمرانوں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2020ء میں ادویات کے نرخوںمیں ہوشر با اضافہ کرکے کمپنیوں نے 400 ارب سے زائد کا منافع کمایا۔ جبکہ چیک اینڈ بیلنس کا حکومتی نظام بری طرح ناکام رہا۔ علاج معالجے کی سہولیات عوام کی دسترس سے باہر ہوچکی ہیں۔ سرکاری اسپتا لوں کی حالت زار کے باعث عوام پرائیویٹ اسپتالوں کو ترجیح دینے پر مجبور ہیں۔پورے کا پور ا نظام ہی ملیا میٹ ہوچکا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت لاک ڈائون کے دوران 2کروڑ 70لاکھ افراد بے روزگار ہوئے جبکہ صرف 33فیصد بحال ہونے میں کامیاب ہوئے۔ بے روزگار ہونے والوں کے گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے۔ اگر ہنگامی بنیادوں پر متاثرین کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو جرائم کی شرح میں اضافہ اور انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔