ٹیکس اہداف حاصل کیے جائیں،صوبائی وزیر

101

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیکسز کی وصولی سے متعلق صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ رواں مالی سال کے اختتام سے قبل اپنے ٹیکس اہداف حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ بہتر کارکردگی دکھانے والے افسران اور عملہ محکمہ ایکسائز کا فخر ہیں جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اعجاز احمد میمن، ڈائریکٹر جنرلز حاجی سلیم بھٹو، منیر احمد زرداری اور دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ رواں مالی سال میں جولائی 2020ء سے فروری 2021ء تک مجموعی طور پر ٹیکسز کی مد میں 62178.904 ملین روپے وصول کیے گئے۔