اشتعال انگیز تقریر، متحدہ رہنماؤں کیخلاف خصوصی عدالت میں سماعت

105

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ رہنماؤں کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کے مقدمات میں گواہ کا بیان قلم بند کرتے ہوئے سماعت 27 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔جمعرات کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں متحدہ رہنماؤں کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کے 23 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے موقع پر متحدہ رہنما فاروق ستار،رؤف صدیقی ، عامر خان اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ اس موقع پر استغاثہ کی جانب سے گواہ آفتاب حسن کو پیش کیا گیا۔ دوران سماعت گواہ کی جانب سے بیان ریکارڈ کروایا گیا۔ گواہ کی جانب سے کسی بھی ملزم کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ گواہ کا کہنا تھا کہ تقریر کے دوران ایم کیو ایم کے بہت سارے رہنما موجود تھے،مجھ پر بھی بہت سے جھوٹے مقدمات درج ہیں جو ایم کیو ایم کے ایما پر بنائے گئے، مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ بعد ازاں گواہ کے بیان پر ملزمان کے وکلا کی جانب سے جرح کی گئی۔