ایوان سے اعتماد کا ووٹ چوروں کو بے نقاب کرے گا،خرم شیرزمان

152

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر ور کن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ چوروں کوبے نقاب کرے گا۔ وزیراعظم نے ماضی کی بوسیدہ سیاست اور نظام کو چیلنج کیا ہے۔پی ڈی ایم کی سسکیاں اور آہیں مزید بڑھیں گی۔ وزیراعظم نے ثابت کیا کہ انہیں اقتدار سے زیادہ ملک عزیز ہے۔ ماضی کے وزرا اعظم بھی عوام کو یاد ہیں۔ ایک وزیراعظم نے ادھر ہم ادھر تم کا نعرہ لگا کر ملک کو دو ٹکڑے کیا، دوسرا لندن بھاگا، تیسرا ہار چرا کر بدنامی کا باعث بنا، چوتھا راجا رینٹل بن کر ملک کی بجلی کھا گیااورپانچواں امریکا میں ائرپورٹ پر کپڑے اتار کر تلاشیاں دیتا رہا۔یہ باتیں انہوں نے انصاف ہاؤس سے جاری اپنے بیان میں کہیں۔ خرم شیر زمان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے تاریخ بدل دی۔ وزیرا عظم کے اعتماد کا ووٹ لینے کے بیان سے اپوزیشن کیمپوں سے چیخوں کی آوازیں آرہی ہیں۔ خرید و فروخت کی سیاست کے خاتمے کے لیے وزیر اعظم عمران خان نے بھرپور جدوجہد کی اور یہ جدوجہد نظام کی تبدیلی تک جاری رہے گی۔ اپنے ضمیروں کا سودا کرنے والے اراکین اسمبلی ماضی میں غداری کرنے والوں کی طرح رسوا ہوں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کو ایوان کا اعتماد حاصل ہے، وہ ہر بار کی طرح اس امتحان میں بھی سرخرو ہوں گے۔ بوسیدہ نظام کو ملک سے ختم کرنے کے لیے پوری قوم وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اپنے ضمیر کا سودا کرنے والے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کے خلاف پارٹی سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائے گی۔