بائیو سکیور ببل صرف کاغذ پر تھا،ناقص منصوبہ بندی کا ذمہ دار کرکٹ بورڈ ہے،رانا عاطف ،سلمان اقبال

262

کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے پی ایس ایل سیزن6 کے ملتوی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ پاکستانی عوام پی ایس ایل میچز سے محروم ہوئے، پی سی ایل ملتوی ہونا مذاق نہیں، دنیا دیکھ رہی ہے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو مشکل سے پاکستان لیکر آئے، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کا پاکستان آنا ہماری جیت ہے۔ سلمان اقبال نے کہا کہ کرونا سے لڑنا ہمارے بس کی بات نہیں ہے،میچز کے لئے پی سی بی نے آئسولیشن کا طریقہ کار دیا وہ ہم نے پوراکیا، پی سی بی نے3کرونا ٹیسٹ کرانے کا کہا میں نے اپنے کھلاڑیوں کے4 ٹیسٹ کرائے، ایونٹ کے دوران ٹیم مینجمنٹ کی شکایت پر میں خود بائیوببل چیک کرنے گیا تھا۔سلمان اقبال نے پی ایس ایل کے انتظامات پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ3 دن کی آئسولیشن کسی بھی کتاب میں نہیں، آئسولیشن 7 دن کی ہوتا ہے،کورونا علامات 4 دن بعد ظاہرہوتی ہیں، جس ہوٹل میں کھلاڑیوں کو ٹہرایا گیا وہاں شادیاں ہورہی ہیں،کچن بھی سب کیلئے کھلا رہا۔کراچی کنگز کے مالک کا کہنا تھا کہ صورتحال سے کیسے نمٹیں ؟ پی سی بی نے ہم سے مشورہ ہی نہیں کیا، ہم اسٹیک ہولڈرز ہیں، ہم نے پی ایس یل کو کامیاب کیا ، جو میٹنگ آج ہوئی وہ بہت پہلے ہونی چاہیے تھی، سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ میں نے میٹنگ میں کہا کہ کسی کو ذمہ دار ہونا چاہیے تھا، پی سی بی حکام نے ہم سے مشاورت کی نہ کوئی بات کی گئی، پی سی بی4 یا5لوگوں کے ہاتھ میں ہے، غلط فیصلے سے کرکٹ اورشائقین افسردہ ہوئے،پی ایس ایل کے لئے بنائے گئے بائیو سیکیور ببل میں کچھ لوگ تھے کچھ نہیں تھے، جو افراد بائیوببل میں نہیں تھے وہ بھی گرائونڈ میں موجود تھے، ایونٹ میں3 کیسز رپورٹ ہوئے تو حکام سے کہا اب تو ایس اوپیز سخت کریں۔پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی ایک اور فرنچائز لاہور قلندرز کے سی ای او رانا عاطف نے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے ملتوی ہونے پر مایوسی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی ایونٹ کے دوران بائیو سکیور ببل نافذ کرنے میں ناکام رہا۔ایونٹ کے غیرمعینہ مدت تک ملتوی ہونے کے اعلان کے بعد میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے پہلے ہی پی سی بی سے کہا تھا کہ کورونا کی وبا کے دوران ایونٹ کا انعقاد نہ کیا جائے پی سی بی نے ان کی نہیں سنی اور دیگر فرنچائز کی مشاورت سے ایونٹ کا انعقاد کر دیا گیا۔