پی ایس ایل کا التوا،پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

362

کراچی(سید وزیر علی قادری)شائقین اور آگنائزرز نے پاکستان سپر لیگ کے التوا پرپاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا،پی سی بی اور ٹیم مالکان کے درمیان منعقدہ ورچوئل میٹنگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 6کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔پی سی بی اب فوری طور پر تمام 6ٹیموں کے شرکا کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا پی ایس ایل کو نظر لگ گئی۔دوسری جانب چند گھنٹے قبل کراچی کنگز کے آسٹریلوی کھلاڑی ڈینیئل کرسٹین نے پی ایس ایل 6 سے دستبرداری کا اعلان کردیا تھا جس کی تصدیق پی سی بی نے خود کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کنگز کے آل رائونڈر ڈین کرسٹین دبئی روانہ ہورہے ہیں۔ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کراچی کنگز کے بولنگ کوچ وسیم اکرم بھی پی ایس ایل چھوڑنے کے حوالے سے مشاورت کررہے تھے کیوں کہ ڈاکٹرز نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ فورا لیگ چھوڑدیں کیوں کہ ذیابطیس کی وجہ سے انہیں خطرہ ہو سکتا ہے ۔پی ایس ایل انتظامیہ کی لاپرواہی اور غیر ذمہ داری کے باعث پی ایس ایل کو ملتوی کرنا پڑا، ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں اور حکام کو کرونا سے محفوظ رکھنے کے لئے مناسب اقدامات نہیں کئے گئے، پی ایس ایل کھلاڑی اور حکام جس ہوٹل میں ٹھہرائے گئے تھے وہاں شادی کی تقریبات جاری رہیں۔ پی ایس ایل کھلاڑیوں کے ساتھ لوگوں کو ہوٹل کی لفٹ میں آتے جاتے دیکھا گیا، پی ایس ایل انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو نہ ہی ایس او پیز سے آگاہ کیا،نہ ہی کوئی خاطر خواہ اقدامات کئے گئے۔ پی ایس ایل سیزن 6 کے لئے استنبول میں ہونے والی افتتاحی تقریب پربڑی رقم لگائی گئی، مگر کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے کچھ نہ کیا گیا، لیگ میں شامل کھلاڑیوں اور حکام کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بھی ہنگامی اقدامات نہیں کئے گئے۔اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے باوجود پی ایس ایل انتظامیہ اور پی سی بی کی غیر سنجیدگی نظر آئی، ایونٹ کے دوران فرنچائز مالکان کو ایس اوپیز سے متعلق اعتماد میں نہیں لیا گیا۔پی ایس ایل کے آغاز سے اب تک کئی کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف کووڈ کا شکار ہوچکے ہیں، جس کے باعث کراچی کنگز سے تعلق رکھنے والے ڈین کرسچن نے بھی پی ایس ایل 6سے دستبرداری کا فیصلہ کیا تھا، آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے آل رائو نڈر دوپہر12 بجے کی فلائٹ سے دبئی روانہ ہوگئے۔ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے دوران کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد لیگ کو ملتوی کردیا گیا تھاجس کے بعد شائقین کرکٹ افسردہ ہوگئے۔کورونا وائرس کے کیسز کی وجہ سے سیزن 6 کے 15ویں میچ کے آغاز سے چند گھنٹے قبل پاکستان سپر لیگ کو ملتوی کرنے کے اعلان کے باعث شائقین کرکٹ کی خوشیاں ماند پڑگئی جو عالمی وبا کے باوجود کرکٹ ایونٹ شروع ہونے پر کافی پرجوش تھے۔پی ایس ایل سپر لیگ اچانک ملتوی ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دکھ کا اظہار کیا جارہا ہے جبکہ کچھ کی جانب سے کورونا کیسز سامنے آنے پر پی سی بی پر تنقید بھی کی جارہی ہے اور اس حوالے سے ‘PSL Postponed’ کا ہیش ٹیگ بھی ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔رخسار نامی صارف نے لکھا کہ پی ایس ایل ملتوی ہوگیا اور سب اداس ہیں۔صحافی احتشام الحق نے ٹوئٹ کی کہ ‘تمام غیر ذمہ دار کھلاڑیوں اور انتظامیہ کا شکریہ، کہ پی ایس ایل 6 کے پورے ٹورنامنٹ کو تباہ کردیا گیا۔