قال اللہ تعالیٰ وقال رسول اللہ ﷺ

123

اللہ کی تسبیح کی ہے ہر اْس چیز نے جو زمین اور آسمانوں میں ہے، اور وہی زبردست دانا ہے۔ زمین اور آسمانوں کی سلطنت کا مالک وہی ہے، زندگی بخشتا ہے اور موت دیتا ہے، اور ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے۔ وہی اول بھی ہے اور آخر بھی، ظاہر بھی ہے اور مخفی بھی، اور وہ ہر چیز کا علم رکھتا ہے۔ وہی ہے جس نے آسمانوں اور زمین کو چھ دنوں میں پیدا کیا اور پھر عرش پر جلوہ فرما ہوا اْس کے علم میں ہے جو کچھ زمین میں جاتا ہے اور جو کچھ اس سے نکلتا ہے اور جو کچھ آسمان سے اترتا ہے اور جو کچھ اْس میں چڑھتا ہے وہ تمہارے ساتھ ہے جہاں بھی تم ہو جو کام بھی کرتے ہو اسے وہ دیکھ رہا ہے۔ (سورۃ الحدید:1تا4)

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مسلمان کے مسلمان پر پانچ حقوق ہیں، 1۔ سلام کا جواب دینا 2۔ مریض کی عیادت کرنا 3۔ جنازوں کے پیچھے چلنا 4۔ دعوت کا قبول کرنا 5۔ چھینکنے والے کا جواب دینا۔ (صحیح بخاری)
سیدنا سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو شخص بغیر عذر کے جمعہ چھوڑ دے اس کو چاہیے کہ ایک دینار صدقہ دے اگر ایک دینار نہ پا سکے تو نصف دینار یا ایک صاع یا ایک مد صدقہ دے۔
(سنن الکبری للبیھقی)