چین صدی کا سب سے بڑا جیو پولیٹیکل چیلنج ہے ،امریکا

131

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے چین کو صدی کا سب سے بڑا جیوپولیٹکل چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ضرورت پڑنے پر ہر فورم میں چین کا مقابلہ کرے گا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق محکمہ خارجہ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو بائیڈن انتظامیہ موسمیاتی تبدیلی اور کورونا جیسے دنیا کو درپیش دیگر معاملات میں عسکری کارروائی اور تعاون کرے گی۔ ساتھ ہی ہم اکیسویں صدی کے سب سے بڑے جیو پولیٹیکل چیلنج سے نمٹنے کا انتظام کریں گے، جو چین کی صورت میں ہمارے سامنے موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیجنگ کے ساتھ ہانگ کانگ اور ایغور کے حقوق کی بات کرنا ضروری ہوگیا ہے، اگر ایسا نہیں کیا تو چین مزید استثنا کے ساتھ کام کرے گا۔ امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ چین واحد ملک ہے جس کے ساتھ معاشی، سفارتی، عسکری اور ٹیکنالوجی کے حامل بین الاقوامی طاقتوں کو سنجیدہ امتحان کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات مسابقتی ہوں گے اور جب حالات مختلف ہوں گے تو پھر معاملات بہتر ہو سکتے ہیں اور ہم چین کو طاقت کی بنیاد پر مصروف رکھیں گے۔ بلنکن نے کہا کہ صدر بائیڈن فوجی کارروائیوں سے گریز کریں گے، تاہم مستقبل میں ہم فوجی کارروائی اپنی اقدار، قانون اور امریکا کے عوام کی منشا کے مطابق اس وقت کریں گے جب ہدف اور مقاصد واضح اور قابل حصول ہوں اور یہ ہم سفارت کاری کے ذریعے مشترکہ طور پر کریں گے۔