اسرائیل مکانات مسمار کرنا بند کرے‘ اقوام متحدہ

248
مقبوضہ بیت المقدس: گھر مسمار کیے جانے پر اہل علاقہ مسجد اقصیٰ کے محافظ فادی علیان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جمع ہیں

نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ نے فلسطینی علاقوں بالخصوص غرب اُردن اور وادی اُردن میں فلسطینیوں کے مکانات مسمار کرنے کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل سے فلسطینیوں کے گھروں اور دیگر املاک کو انہدام کرنے کی مہم فوری طور پر روک دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے فلسطینی اراضی میں انسانی حقوق سے امور کے ذمے دار اداروں پالا کرشن اور راجا گوپال نے فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کے عہدے دار مائیکل لنک کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ وادی اُردن میں قابل رہایش عمارتوں اور املاک کی مسماری ناقابل قبول ہے۔ وادی اُردن میں اسرائیلی فوج کی مسماری کی کارروائیوں میں حمصہ کے مقام پر35 بچوں سمیت 60 افراد بے گھر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ سردی کے موسم اور کورونا وبا کے دوران شہریوں کے گھروں کی مسماری فلسطینیوںکو اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج نے عالمی تنقید کو روندتے ہوئے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں شعفاط پناہ گزین کیمپ میں 2 منزلہ مکان مسمار کردیا۔ دریں اثنا فلسطینی انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایسی اسرائیلی فوجی عدالتوں کے خلاف میڈیا مہم شروع کی ہے، جہاں فلسطینی قیدیوں پر مقدمات چلائے جارہے ہیں۔ میڈیا مہم میں عدالتوں کی طرف سے سنائے جانے والے مجرمانہ فیصلوں کوختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔