اسپیس ایکس کو مسلسل تیسری ناکامی‘ ایک اور راکٹ تباہ

307
ٹیکساس: اسپیس ایکس کا راکٹ زمین پر گرنے سے قبل ہی شعلوں میں گھرا ہوا ہے

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) خلائی گاڑیاں اور راکٹ بنانے والی امریکی کمپنی اسپیس ایکس کا اسٹارشپ راکٹ کامیاب قرار دی جانے والی پرواز کے زمین پر اترنے کے کچھ ہی دیر بعد زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ اس سے قبل بھی اسپیس ایکس کی 2 آزمایشی پروازیں کامیاب لینڈنگ نہیں کر سکی تھیں۔ دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ایلن مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی یہ آزمایشی پروازیں اس منصوبے کا حصہ ہیں، جس کے تحت مستقبل میں چاند اور مریخ پر انسانی بستیاں بسائی جائیں گی۔ تیسری آزمایشی پرواز نے ریاست ٹیکساس کے جنوبی علاقے بوکاچیکا سے بدھ کے روز اڑان بھری تھی اور 10 کلو میٹر بلندی تک پرواز کی، جس کے بعد اس نے خلیج میکسیکو کی جانب لینڈنگ کا سفر شروع کیا اور کامیابی سے لینڈ کر گئی، تاہم کچھ ہی لمحے بعد یہ راکٹ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ اسٹار شپ لینڈنگ کے دوران افقی پرواز کرتی رہی جو ہموار رہی تاہم لینڈنگ پیڈ تک پہنچنے سے قبل ہی راکٹ نے دوبارہ عمودی پوزیشن اختیار کر لی اور بحفاظت لینڈنگ پیڈ تک پہنچ گیا۔ اسٹارشپ کے براہِ راست دکھائے جانے والے تجربے کے کمنٹیٹر نے آزمایشی پرواز کی کامیابی کا اعلان کیا اور اس پورے عمل میں حصہ لینے والوں کی محنت اور کاوش کو سراہا، تاہم کچھ ہی دیر بعد راکٹ پھٹ گیا اور اس میں سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے۔ اسپیس ایکس کی جانب سے اس مشن میں ناکامی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔