کئی کھلاڑیوں میں کورونا کی تشخیص‘ پی ایس ایل ملتوی

238

کراچی(سید وزیر علی قادری) پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل 6 میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث 20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ کو ملتوی کردیا گیا ہے۔ پی سی بی اور ٹیم مالکان کے درمیان منعقدہ ورچوئل میٹنگ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 7 کو فوری طور پر ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ پی سی بی اب فوری طور پر تمام 6 ٹیموں کے شرکاء کی پی سی آر ٹیسٹنگ، کورونا ویکسین اور آئیسولیشن سہولیات کے لیے اقدامات کرے گا۔جمعرات کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کورونا کے باعث ایونٹ کو ملتوی کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سیزن کی طرح رواں سیزن بھی اسی سال مکمل کیا جائے گا،بائیو سیکیور ماحول میں یہ کیسز کیسے آئے تحقیقات کریں گے، کہاں کب اور کیا غلط ہوا یہ دیکھنا بہت ضروری ہے، ابتدائی طور پر معمولی خلاف ورزیوں پر معاملات نمٹانے پڑے، ایس او پیز اور بائی سیکیور ببل پر عمل کرنے کے لیے اشتراک اور تعاون کی ضرورت ہوتی ہے اور کسی پر الزام عاید نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم اس پر مؤثر عمل کرنے میں ناکام رہے، جس کی وجہ سے آج ان حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ وسیم خان نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اس واقعے سے پاکستان کرکٹ کا نقصان کم از کم ہو،فرنچائز نے اپنے پیسے اور وقت لگایا تھا،یہ فیصلہ دکھ کے ساتھ کرنا پڑا،بلیم گیم نہیں ہونا چاہئے، یہ وقت کسی سے لڑائی کا نہیںلیکن اس وقت سب جذباتی ہیں، نقصان سب کا ہوا ہے،اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے، یہ دن ہمارے لیے بڑا سخت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ساتھ، کرکٹ کے شائقین، اسٹیک ہولڈرز، پاکستان کرکٹ کے عالمی سطح پر مداح، تمام کھلاڑی اور آفیشلز جو پی ایس ایل سے منسلک تھے سب کے لیے یہ مشکل دن ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ اس وقت ہم حالات کو قابو کرنے اور مزید مشکلات سے بچنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں پی ایس ایل 6کا باقاعدہ اختتام ہو جیسا ہم نے پی ایس ایل 5کا کیا تھا اور بقیہ میچز ہوجائیں گے اور بعد میں نئی تاریخوں کے لیے موقع تلاش کریں گے۔