کشمیر پر پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی‘ترجمان دفتر خارجہ

92

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے واضح کیا ہے کہ پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کے ہاٹ لائن پر رابطے کے باوجود اس کی جموں و کشمیر پر پالیسی میں تبدیلی نہیں آئی۔یہ بات ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ واربریفنگ کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مذاکرات کی میز پر پوزیشن واضح ہے، کشمیر سمیت تمام معاملات پر بات ہونی چاہیے۔زاہد حفیظ نے سید علی گیلانی کی کشمیر کاز کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ بھارتی حکومت سے کشمیری قیادت اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا جائے۔ مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کو مسلسل وحشیانہ فوجی محاصرے کا سامنا ہے، گزشتہ ماہ میں جعلی سرچ آپریشن میں مزید 6 کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ مسئلہ ہے،یواین سیکورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق دیرینہ مسئلہ حل کرناہوگا۔