عمران خان کے آگے گڑھا پیچھے کھائی ہے‘مریم نواز

218

اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ(ن) کی مر کزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کی جیت سے غرور کا سر نیچے ہوگیا،پی ٹی آئی صوبوں سے بھی ضمنی الیکشن ہار گئی وہاں سے عوام کا اعتماد کیسے ملے گا، عمران خان کے آگے گڑھا پیچھے کھائی ہے ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے، خریدوفروخت کا شورمچانے والے بتائیں کیا ضمنی الیکشن میں بھی پیسہ چلا ۔اسلام آبادمیں (ن)لیگ کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ (ن) لیگ کے شیروں کو کوئی جھکا ،ڈرا اور دھمکا نہیں سکا اس پر میں مبارکباد دیتی ہوں ،میں اپنے تمام ایم این ایز کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں کہ ہمارے تمام 83 ارکان نے نواز شریف کے بیانے پر لبیک کہا اور یوسف رضا گیلانی کوووٹ ڈالا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت کڑا وقت بھی دیکھا ہے، ہم نے ڈکٹیٹر بھی دیکھے ہیں، آمروں کا دور بھی دیکھا ہے لیکن جو دور اب دیکھا ہے جو ظلم اور زیادتی کی انتہا ہے اس کی مثال 73 سال میں نہیں ملتی مگر آفرین ہے لیڈران پر جنہوں نے نواز شریف کا سرجھکنے نہیں دیا،(ن لیگ کوتوڑنے والے خود ٹوٹ رہے ہیں، آج نواز شریف کے بیانیے کا ڈنکا پورے پاکستان میں بج رہا ہے، باقی سب بیانیے اپنی موت مرگئے مگر ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ آج سر چڑھ کر بول رہا ہے۔