کے الیکٹرک حکام کا 2022 ء تک بجلی سرپلس کرنے کا دعویٰ

698

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بدترین لوڈ شیڈنگ اور بدانتظامی کے شکارکے الیکٹرک کے حکام نے کراچی میں2022میں بجلی سرپلس ہونے کا دعویٰ کردیا‘ بجلی میں اضافہ پاور ویلیو چین میں منصوبہ بندی کے تحت کی جانے والی سرمایہ کاری کے ذریعے ہوگا ‘ یہ سرمایہ کاری ریگولیٹری کی بروقت منظوریوں سے مشروط ہے جس کی بدولت کے الیکٹرک اس قابل ہو جائے گا کہ صارفین اور ملکی معیشت کو بے شمار فوائد پہنچائے جا سکیں ۔ کے الیکٹرک کے چیف فنانشل افسر عامر غازیانی نے کاروباری حلقوں کی ایک تجزیاتی نشست سے خطاب میں مزید کہا کہ کورونا وباء کے منفی اثرات اورمختلف حکومتی اداروں پربڑھتے ہوئے قابل وصول واجبات کی بدولت مالیاتی لاگت میں اضافہ ہوا‘ جس کے باعث، کے الیکٹرک کو مالی سال 2020 کے دوران ، نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔ویب نار میں معروف بروکریج ہائوسز اور اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے تجزیاتی ماہرین نے شرکت کی۔ ماہرین کو یہ بتایا گیا کہ سال 2021 کی پہلی ششماہی کے دوران، اہم آپریشنل اور مالیاتی اشاریوں میں واضح بہتری آئی جس میں تقسیم شدہ یونٹس میں 4.8فیصد اضافہ ،ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کے نقصانات میں 0.6فیصد بہتری اور شرح سود میں کمی شامل ہے۔ان بہتریوں کی بدولت مالی سال 2021میں کے الیکٹرک کو دوبارہ منافع بخش ادار ہ بننے میں مدد مل سکتی ہے۔ کے الیکٹرک ،2022ء تک، کراچی کو بجلی کی سرپلس پوزیشن میں لانے کیلئے اپنے عزم پر قائم ہے ۔ آر ایل این جی پر مبنی ، 900 میگا واٹ کا BQPS-III پاور پلانٹ بھی متوقع ٹائم لائن کے مطابق تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے اور450میگا واٹ کا پہلا یونٹ، مئی 2021ء تک بجلی کی پیداوار کا آغاز کر دے گا۔ اس کے علاوہ، 350 میگا واٹ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کی تعمیر بھی مختلف مراحل میں جاری ہے۔220 کلو واٹ کی دھابیجی گرڈ اور ٹرانسمیشن لائنز پر بھی کام کا آغاز ہو چکا ہے، اور نیشنل گرڈ سے 1400 میگا واٹ اضافی بجلی کے حصول کے لیے معاہدوں کی تکمیل بھی آخری مراحل میں ہے، جس میں موجودہ انٹر کنکشنز کے ذریعے 450 میگا واٹ بھی شامل ہیں۔