نومنتخب اراکین سینیٹ 12 مارچ کو حلف اٹھائیں گے

211

اسلام آباد: سینیٹ سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ نومنتخب اراکین سینیٹ 12 مارچ کو حلف اٹھائیں گے جبکہ 12 مارچ کو ہی دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق  سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریٹایئر ہونے والے سینٹرز کی مدت 11 مارچ کو ختم ہو جائے گی جبکہ نو منتخب اراکین سینیٹ 12 مارچ کو صبح کے اوقات میں حلف اٹھائیں گے۔

خیال رہے 12مارچ کو ہی دوپہر میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کیا جائے گا جس کے لیے اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی اور حکومتی امیدوار ایک بار پھر صادق سنجرانی میدان میں ہونگے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ انتخابات میں حکومت کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار سید یوسف رضا گیلانی حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو شکست دے کر کامیاب ہوگیے۔

دوسری جانب گزشتہ روز کے سینیٹ الیکشن میں حکمراں اتحاد کے 17 ووٹ کم ہوگیے اور سید یوسف رضا گیلانی کو 169 ، حفیظ شیخ کو 164ووٹ ملے جبکہ 7ووٹ مسترد ہوئے اور خاتون حکومتی امیدوار فوزیہ ارشد 174 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئیں ، اپوزیشن کی امیدوار فرزانہ کوثر کو 161 ووٹ ملے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق سینیٹ الیکشن میں 7 ووٹ ضائع ہونے کی اندورنی ٹیکنیکل وجہ سامنے آگئی ہے ، جس میں ایک بیلٹ پیپر پر ووٹر نے دستخط کیے اور 4 بیلٹ پیپرز پر ووٹرز نے گنتی کے نمبر لکھنے کی بجائے ٹک کیا جبکہ گزشتہ روز ہونے والے سینیٹ انتخاب میں 2 بیلٹ پیپرز پر امید واروں کے نام کے آگے نمبر 1 یا 2 لکھنے کی بجائے صرف 2 لکھا گیا تھا۔