ونڈو تلاش کرکے پی ایس ایل مکمل کروائیں گے،  پی سی بی

380

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم گزشتہ سیزن کی طرح رواں سیزن بھی مکمل کرنا چاہتے ہیں، ایونٹ کے لئے ونڈو تلاش کرکے میچز مکمل کروائیں گے ۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم خان نے کہا کہ پی ایس ایل سکس نئی تاریخوں کے سامنے آنے تک ملتوی کردی گئی ہے اور یہ دن ہمارے لیے بڑا سخت ہے،ہمارے ساتھ ساتھ، کرکٹ کے شائقین، سٹیک ہولڈرز، پاکستان کرکٹ کے عالمی سطح پر مداح، تمام کھلاڑی اور آفیشلز جو پی ایس ایل سے منسلک تھے سب کے لیے یہ مشکل دن ہے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو  کا کہنا تھا کہ  پی ایس ایل کو منعقد کرنے کا فیصلہ دو ٹیسٹ سیریز، نیشنل ٹی ٹوئنٹی اور قائد اعظم ٹرافی کے انعقاد کو سامنے رکھ کر کیا گیا تھا، جہاں کئی کھلاڑیوں اور ٹیموں نے مختلف مقامات پر ایس او پیز کے تحت کھیلا تھا۔

وسیم خان نے مزید کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت بڑی تکلیف دہ ہے کہ ہمیں ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑا کہ ہمیں کھلاڑیوں کے تحفظ کے لیے وہ سب کچھ کرنے کی ضرورت پڑی جو ہمیں کرنا تھا اور ہم نے فرنچائز کے مالکان سے مشاورت کی اور اس نتیجے پر پہنچے کہ ایونٹ کو ملتوی کر دیا جائے۔

چیف ایگزیکٹیو پی سی بی نے کہا کہ اس وقت ہم حالات کو قابو کرنے اور مزید مشکلات سے بچنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں پی ایس ایل 6 کا باقاعدہ اختتام ہو جیسا ہم نے پی ایس ایل 5 کا کیا تھا اور بقیہ میچز ہوجائیں گے اور بعد میں نئی تاریخوں کے لیے موقع تلاش کریں گے۔