حکومت کا 6 ارب سے زائد کا رمضان ریلیف پیکج دینے کی تیاری

448

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 6 ارب 37 کروڑ روپے سے زائد کا رمضان ریلیف پیکج دینے کی تیاری کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز  پر بڑا رمضان پیکج دینے کی تیاری کرلی ہے، وزارت صنعت و پیداوار نے 6 ارب 37 کروڑ روپے سے زائد کارمضان ریلیف پیکج تجویز کیا ہے، چینی 68 روپے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے، گھی 200 روپے فی کلو کرنے کی تجویز دی گئی ہے ،چائے کی پتی پر 50 اور دودھ پر 20 روپے سبسڈی دی جائے گی، رمضان پیکج کے تحت 19 اشیائے ضروریہ پر10 سے 50 روپے تک سبسڈی تجویزکی گئی ہے۔

ریلیف پیکج دینے کی سمری وزارت صنعت و پیداوار نے تیارکرکے اقتصادی رابطہ کمیٹی کو ارسال کردی ہے،خوردنی تیل پر 20اور دال چنا پر 15روپے فی کلو سبسڈی کی تجویز ہے جبکہ دال ماش اور دال مونگ پر 10,10روپے فی کلو ،دال مسور پر 30 روپے سبسڈی تجویز کی گئی ہے۔

دال چنا پر 25 اور بیسن پر 20 روپے فی کلوسبسڈی تجویز کی گئی ہے،کھجور  پر 20 روپے ، باسمتی اورسیلا چاول پر دس دس روپے جبکہ ٹوٹا چاول پر 12 روپے فی کلو سبسڈی دینے کی تجویز ہے،1500 ملی لٹرمشروبات کی بوتل پر 25 روپے اور 800 ملی لیٹر بوتل پر 20 روپے سبسڈی تجویزکردی گئی۔