مستونگ، چوری و ڈکیتیوں کی وارداتوں میں اضافے کیخلاف تاجر وں کا احتجاج

174

مستونگ (این این آئی) سابق سٹی ناظم و نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما میر سکندر خان ملازئی نے مستونگ بازار میں چوری و ڈکیتی اور دکان جلانے کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب انتظامیہ کے حکام جونیئر و نااہل ہوں اور اہل افسران کو ڈسٹرکٹ سے تبدیل کیا جائے تو اس طرح کے واقعات کا رونما ہونا شروع ہوجاتے ہیں، مستونگ میں ایس پی کے تبادلے کے بعد اچانک بے امنی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، لوگوں کے جان و مال محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی مستونگ کے تاجروں اور عوام کو کسی صورت تنہاہ نہیں چھوڑے گی اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتے ہوئے ان کے احتجاج میں بھرپور شامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مستونگ پر جان بوجھ کر نااہل افسران کو مسلط کیا گیا ہے، ان کی نااہلی کی وجہ سے مستونگ میں ایک بارپھر سے امن و امان کی صورتحال خراب کی جارہی ہے۔ چوری، ڈکیتی اور دکان جلانے کی وارداتوں میں اضافے پر سخت تشویش ہے۔ انہوں نے ایس ایچ او کی جانب سے جلنے والی دکان مالک کے ساتھ تلخ کلامی اور بدتمیزی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مستونگ کے عوام پر نااہل اور موسٹ جونئر آفیسر تعینات کیا گیا ہے، جو جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی کے بجائے تکلیف میں مبتلا دکانداروں، دھونس دھمکی کے ذریعے چپ کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے چیف سیکرٹری بلوچستان اور آئی جی پولیس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع میں اہل اور فرض شناس افسران کی تعیناتی کرتے ہوئے لوگوں کے جان و مال کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے۔