سندھ یونائیٹڈ پارٹی کا منشور ہی عوام کی حکمرانی ہے، سید زین شاہ

220

کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) گڈو کشمور میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کشمور کی طرف سے شاندار جلسے کا انعقاد کیا گیا، جلسے میں ایس یو پی کے سیکڑوں کارکنوں کی شرکت۔ کشمور کے پاکستان پیپلز پارٹی و دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے بھی ایس یو پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مرکزی رہنما سید زین شاہ کے پہنچنے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شاندار استقبال کیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سندھ کے وسائل کا سودا کیا۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی یونین کونسل سے لے کر قومی اسمبلی تک اپنے امیدوار کھڑے کرکے اپنا حق حاصل کرے گی، سید زین شاہ۔ گڈو کشمور میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کشمور کی طرف سے گڈو کے گیٹ نمبر 2 کے سامنے شاندار جلسے کا انعقاد کیا گیا، جلسے میں ایس یو پی گڈو، کشمور، بخشاپور، تنگوانی، گھوٹکی سے سیکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ جلسہ گاہ میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی رہنما سید زین شاہ کے پہنچنے پر کارکنوں و شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر کشمور کے پاکستان پیپلز پارٹی و دیگر قوم پرست و سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے شاد کھوسو، شاہ گل مزاری، عبدالستار مزاری، حضرت اللہ مزاری، ہدایت اللہ جکھرانی، بالاچ دستی سمیت سیکڑوں افراد نے سندھ یونائیٹڈ پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور سید جلال محمود شاہ کے نظریے پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے اپنی تمام تر ذمے داریاں بھرپور طریقے سے نبھانے کا عہد کیا۔ اس موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی رہنما سید زین شاہ و دیگر نے کہا کہ آج کشمور اور گڈو کے شہریوں نے جو عزت بخشی ہے، ہم اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے، ہم امید کرتے ہیں کہ کشمور کے عوام بھی اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام کو مایوس کردیا، سندھ کے جزائر پر قبضہ کروایا گیا، سندھ کے وسائل بیچے گئے، گزشتہ دور میں انگریزوں نے وڈیروں کو لالچ اور لقب دے کراپنا غلام بنایا تھا۔ ان کی اولادین اب ہمیں اپنا غلام سمجھتی ہیں۔ سندھ کے پیر، میر اور وڈیرے جو ہمیشہ ووٹ لے کر اسمبلیوں میں جاتے ہیں جاکر سندھ کے عوام کے مسائل پر بات کرنے کے بجائے خاموش رہتے ہیں۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی یونین کونسل سے لے کر قومی اسمبلی کی سیٹوں تک اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔