پھول قدرت کی طرف سے دیے گئے انمول تحفے ہیں،عبدالوحید شیخ

213

میرپورخاص (نمائندہ جسارت)ڈویژنل کمشنر میرپورخاص عبدالوحید شیخ نے کہا ہے کہ پھول قدرت کی طرف سے دیے گئے انمول تحفے ہیں جن کی قدر کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان بلدیہ پارک میرپورخاص میں 4سے 6مارچ تک ہونے والی پھولوں،پھلوں اور سبزیوںکی سالانہ 63ویںنمائش کے سلسلے میں شائع ہونے والے سووینئر کے فوٹوسیشن کے لیے چیمہ ہاؤس میںمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس ذوالفقار لاڑک ،ڈپٹی کمشنر سلامت میمن، ایس ایس پی فیصل بشیر میمن، اے ڈی سی ون سلیم شیخ ،اسسٹنٹ کمشنر شاہدہ پروین جامڑو، سیکرٹری فلاور شونواز خان، منصور چیمہ، ایس اے خان اظہر جیلانی ،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن غوث محمد پٹھان اور کریم میمن سمیت دیگر ممبران بھی موجود تھے ۔کمشنر نے مزیدکہاکہ ہم سب کو اپنے ارد گرد پھول لگانے چاہئیں پھول ماحول کو خوشبودار کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے مزاج میں نرمی پیداکرتے ہیں اورانسانی صحت پر اچھے اثر انداز ہوتے ہیں۔ اس موقع پر منصورچیمہ نے بتایاکہ چیمہ ہاؤس نے گھروںکے مقابلے میںحصہ لے کر 235پھول نمائش میںرکھے ہیں جس سے نمائش کاحسن دوبالا ہوگیا ہے اورماحول خوشبودار ہوگیا ہے ۔انہوںنے مزیدکہا کہ نمائش کیلیے انتظامیہ کی جانب سے تمام ترتیاریاںمکمل کرلی گئی ہیں ہرممکن کوشش ہے کہ شہرکے ساتھ ساتھ دیہی علاقوںکے مرد عورتوں اور بچوں کو نمائش سے لطف اندوز ہوں۔