مسلسل 4 شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح مل گئی

239

کراچی (رپورٹ: وزیر علی قادری) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو 22 رنز سے ہراکر پی ایس ایل 6 میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ 177 رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم19.4 اوورز میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یہ ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پہلی جیت ہے، سرفراز احمد کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم کو اس سے قبل اپنے چاروں گروپ میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایونٹ کیابتدائی 14 میچز میں یہ پہلا موقع ہے کہ جب پی ایس ایل 6 میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے کوئی میچ جیتا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر قیس احمد کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔مقررہ ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز محمد رضوان اور جیمز ونس نے پر اعتماد انداز اپنایا اور اپنی ٹیم کو 63 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کیا۔ جیمز ونس نے 4 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے۔ کپتان محمد رضوان 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 66 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔شان مسعود 1، رائیلی روسو 3، صہیب مقصود 2، خوشدل شاہ 19، کارلوس بریتھ ویٹ 4، سہیل خان 8، عمران طاہر 14 اور شاہنواز دھانی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے‘عمران خان صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 19.4 اوورز میں 154 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ کوئٹہ کے اسپنر قیس احمد نے 21 رنز کے عوض 3 جبکہ محمد حسنین اور زاہد محمود نے 2،2‘ ڈیل اسٹین اور محمد نواز نے بھی ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کرپہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر عثمان خان اور صائم ایوب بہتر کھیل پیش کیا ‘صائم ایوب 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ڈیبیو کرنے والے کراچی کے نوجوان بیٹسمین عثمان خان نے 50 گیندوں پر 81 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں10 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔ عثمان خان کے آؤٹ ہوتے ہی فاف ڈپلیسی بھی 17 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے،جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی اور بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا‘محمود نواز 20 ، بین کٹنگ 10 اوراعظم خان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے۔