سابق وائس چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کی اپیل پر نیب کو نوٹس

155

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے فشر مین کوآپریٹوز ہاؤسنگ سوسائٹی میں غیر قانونی بھرتیوں میں ماتحت عدالت سے ملنے والی سزا اور جرمانے کے خلاف سابق وائس چیئرمین فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی سلطان قمر صدیقی کی اپیل پر نیب پراسیکیوٹر سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔ بدھ کو جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سر براہی میں2رکنی بینچ نے فشر مین کوآپریٹوز ہاؤسنگ سوسائٹی میں غیر قانونی بھرتیوں میں ماتحت عدالت سے ملنے والی سزا اور جرمانے کے خلاف سابق وائس چیئرمین فشرمین کوآپریٹوز سوسائٹی سلطان قمر صدیقی کی اپیل کی سماعت کی۔ فاضل عدالت نے مذکورہ اپیل کو اسی نوعیت کی پہلے سے دائر اپیل کے ساتھ منسلک کرنے کا بھی حکم دیا ہے ۔سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ احتساب عدالت نے اہم شواہد کو نظر انداز کرکے ان کے موکل کو سزا دی۔ لہٰذا استدعا ہے کہ ان کے موکل کی ماتحت عدالت سے ملنے والی سزا کو کالعدم قرار دیتے ہوئے بری کیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے اپیل پر نیب پراسیکیوٹر سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔واضح رہے کہ سلطان قمر صدیقی کو احتساب عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس جرم ثابت ہونے پر 7 سال قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں ۔