سینیٹ الیکشن میں ہماری حکمت عملی درست اور باوقار رہی، لیاقت بلوچ

121

لاہور( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نظریے اور اصولوں کے ساتھ ملک و ملت کو بحرانوں سے نکالنے کی سیاست کرتی ہے۔ سینیٹ انتخابات میں جماعت اسلامی کی حکمت عملی درست اور باوقار ہے ۔سیاسی کارکنان کے سامنے ساری صورتحال واضح اور دوٹوک ہے ۔ صرف اور صرف اقتدار حاصل کرنے کے لیے جائز وناجائز ہتھکنڈے قومی سیاست کا اصل روگ ہیں ۔ کسانوں کی بیٹھک ، انتخابی سیاسی اور تعلقات عامہ سیکشن انچارجز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ سیاسی جمہوری قیادتوں اور جماعتوں کا ملک و ملت کو منظم پائیدار اور پروگریسو بنیادوں پر چلانے کا کوئی وژن اور لائحہ عمل نہیں ہے۔ سیاسی جمہوری یا پارلیمانی اور انتخابی نظام جمہوری قوتوں کے غیر جمہوری اور غیر ذمے دارانہ رویے کی وجہ سے متنازع ، شرمناک اور داغدار بنادیا گیاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملک کو قرضوں ، بیرونی دبائو سے آزاد کرانے کے لیے زراعت کی ترقی کو اولین ترجیح دینا ہوگی ۔ حکومتوں کے زراعت کو ترقی دینے کے اعلانات عام کسان تک فوائد نہیں پہنچاتے ۔ کپاس قومی پیداوار میں بہت اہم ہے لیکن حکومتوں کی غفلت اور غلط پالیسی سے کپاس کی پیداوار اور کاشت بری طرح متاثر ہو گئی ہے ۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر ہے ۔ زراعت کی سائنسی ، تکنیکی اور تحقیقی ترقی کے لیے چین کے ساتھ مل کر بنیادی اقدامات کیے جائیں ۔ زراعت کی ترقی کے لیے پیداواری لاگت کم کی جائے اور کسانوں ہاریوں کو نفع اور نقصان میں برابری کی بنیاد پر حصہ دار بنایا جائے ۔ محنت کسان کرے اور فوائد بیوروکریسی اور مڈل مین کیوں اٹھائے ۔ بھارت کے کسانوں نے پوری دنیا کے کسانوں کو اپنے حق کے لیے کھڑا ہونے کا ڈھنگ سکھا دیاہے ۔ فاشسٹ مودی کشمیر کے ساتھ کسانوں کے سامنے بھی رسوا ہوگیاہے ۔لیاقت بلوچ نے حیدر آباد میں جماعت اسلامی کے سابق امیر شیخ شوکت علی اور جماعت اسلامی لاہور کے رہنما عبدالحفیظ اعوان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت اور دعائے مغفرت کی ۔