پاکستان سپر لیگ میں سرفرازاحمد کے ایک ہزار رنز مکمل

174

سرفراز احمد پاکستان سپر لیگ میں 1000رن زبنانے والے کھلاڑیوں میں جگہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے سرفراز نے کوئٹہ کی جانب سے اسلام آباد یونائٹیڈ کے خلاف کراچی میں اپنی54 رنز کی اننگز کے دوران یہ سنگ میل عبور کیا۔ پاکستان سپر لیگ میں یہ انکے56 ویں میچ کی47 ویں اننگ تھی۔ اس میچ کے اختتام تک انہوں نے30.00 کی اوسط اور128.67 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 5نصف سنچریوں کی مدد سے1050 رنز بنائے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ میں ابھی تک جن10 کھلاڑیوں نے ایک ہزار سے زیادہ رنز بنائے ہیں۔ اس میں 7 بلے باوزوں کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ آسڑیلیا، نیوزی لینٖڈ اور جنوبی افریقا کے ایک ایک کھلاڑی نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بابر اعظم کے پاس ہے جنہوں نے51 میچوں کی49 اننگز میں39.46 کی اوسط اور119.17 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ16 نصف سنچریوں کی مدد سے1697 رنز بنائے ہیں۔ان کا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر90 رنزہے جو انہوں نے کراچی کنگز کی جانب سے ملتان سلطانز کے خلاف کراچی میں27 فروری2021 کو بنایا تھا۔
کامران اکمل کو پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے مگر رنز بنانے کے معاملے میں وہ دوسرے مقام پر ہیں۔ انہوں نے ابھی تک جو60 میچ کھیلے ہیں ان کی59 اننگز میں27.80 کی اوسط اور136.99 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ3 سنچریوں اور9 نصف سنچریوں کی مدد سے1585 رنز بنائے ہیں۔ان کا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر107 رنز ہے جو انہوں نے پشاور لمی کی جانب سے لاہور قلندر کے خلاف شارجہ میں16 فروری2018 کو بنایا تھا۔
آسڑیلیا کے شین واٹسن پاکستان سپر لیگ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے غیر ملکی ہونے کے ساتھ ساتھ تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ انہوں نے 2016 اور2020 کے درمیان جو46میچ کھیلے ہیں ان کی46 اننگز میں32.40 کی اوسط اور138.59 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ9 نصف سنچریوں کی مدد سے1361 رنز بنائے ہیں۔ان کا سب سے زیادہ اسکور آئوٹ ہوئے بغیر91رنز ہے جو انہوں نے کوئٹہ کی جانب سے پشاور لمی کے خلاف ابو ظبی میں4 مارچ2019 کو بنایا تھا۔
فخر زمان( 44میچوں میں1253 رنز)، شعیب ملک (52میچوں میں1227 رنز)، محمد حفیظ( 52میچوں میں1183 رنز)، احمد شہزاد (45میچوں میں1077 رنز)، لوک رونچی( 31 میچوں میں1020 رنز) اور ریلی روزیو(44 میچوں میں 1009 رنز) بھی پاکستان سپر لیگ میں ایک ہزار سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کے لوک رونچی کو پاکستان سپر لیگ میں سب سے کم اننگز میں ایک ہزار رنز بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے لاہورمیں 4 مارچ2020 کو اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے لاہور قلندرز کے خلاف اپنی48 رنز کی اننگ کے دوران ایسا کیا تھاجو انکے30 ویں میچ کی 30اننگ تھی۔ انہوں نے 36.42کی اوسط اور 166.12اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ1020رنز بنائے ہیں۔