اپوزیشن کو جیل میں ڈال کر بھی حکومتی گاڑی نہیں چلی‘ شہباز شریف

190

اسلام آباد(آن لائن)قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ساری اپوزیشن کو جیل میں ڈال کر بھی ان سے حکومتی گاڑی نہیں چل سکی اس سے زیادہ اور نا اہلی کیا ہو سکتی ہے ، ملکی ترقی رک گئی ہے، معیشت مکمل طو رپر تباہ ہوگئی ہے، غریب عوام کو مہنگائی میں جھونک دیا گیا ہے، گیس اور بجلی کے بلوں میں الجھا دیا گیا ہے، لوگ خودکشی کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔گزشتہ روز شہباز شریف سینیٹ انتخابات کے لیے پارلیمنٹ ہائوس پہنچے جہاں انہوں نے ووٹ کاسٹ کیا۔میڈیا نمائندوں نے اپوزیشن لیڈر کو گھیرے میں لے لیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی ناقص کاکردگی ان کی ناکامی کا سبب بنے گی ، پی ڈی ایم ٹھیک انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، اس وقت حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ،ملک کی ترقی رک گئی ہے، معیشت مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے ،عوام کو 2 وقت کا کھانا میسر نہیں ہے ،غریب عوام گیس اور بجلی کے بلوں پر پریشان ہیں اور خودکشی کرنے پر مجبور ہیں ،عوامی مسائل دن بدن بڑھتے جارہے ہیں،اپوزیشن کو جیلوں میں ڈال کر بھی ان سے مسائل حل نہیں ہو رہے اس سے بڑی نا اہلی اور کیا ہو سکتی ہے،ہر طرف مایوسی ہی مایوسی ہے ،ہم نے ملک کی معیشت کو ترقی کی طرف موڑا تھا،جس کا بیڑا غرق کر دیا گیا ،کسی کو ملک کی کوئی فکر نہیں، آگے کیا ہوگا ،حکمرانوں کو صرف دن رات یہی فکر رہتی ہے کہ اب کس کو جیل میں ڈالنا ہے ،کرپشن کرپشن کا چورن اب مزید نہیں بکے گا،قوم کو ان کی اصلیت کا پتا چل گیا ہے۔علاوہ ازیں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کو جس طرح تباہ کیاگیا قوم کبھی معاف نہیں کرے گی ، نوازشریف کی قیادت میں(ن) لیگ کی حکومت میں پاکستان معاشی لحاظ سے ٹیک آف کر گیا تھا آج معیشت صفر ہوچکی ہے۔