جمہوریت بہترین انتقام ہے‘ عمران خان اب مستعفی ہوں‘ بلاول

101

اسلام آ باد ( مانیٹر نگ ڈ یسک )پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) امیدوار یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ انتخابات میں فتح کے بعد وزیر اعظم عمران خان سے استعفا دینے کا مطالبہ کردیا۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھاکہ کہتے ہیں کہ عمران خان اسپورٹس مین ہیں تو انہیں شکست تسلیم کرلینی چاہیے اور آج کے بعد ان کو استعفا دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ظلم ہو وہاں جمہوریت بہترین انتقام ہے، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمن کے پاس بھی جاؤں گا۔ایک سوال کے جواب میں بلاول کا کہنا تھاکہ سینیٹ انتخابات کے بعد اپوزیشن کا اگلا قدم لانگ مارچ یا عدم اعتماد ہوگا یہ فیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔ان کا کہنا تھاکہ ہم جمہوریت کی بحالی اور اداروں کی مداخلت کو روکنا چاہتے ہیں، عمران حکومت کی 3 سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، عوام سمجھ چکے ہیں کہ بجلی کے بلوں اور مہنگائی کا بوجھ ان کی نالائقی کی وجہ سے اٹھا رہے ہیں۔قبل ازیں سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر اپوزیشن امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر بلاول نے ٹوئٹ میں کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔