چوتھے بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کھاریاں میں جاری

236

راولپنڈی : آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چوتھے بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کھاریاں میں جاری ہیں ، جس میں مختلف ٹیمیں تکنیکی جنگ کی مشقیں اور دیگر فوجی مہارت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چوتھے بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلے کھاریاں میں نیشنل کاؤنٹرٹیررازم سینٹر  میں جاری ہے  اور مقابلوں میں چیلنجنگ صورتحال ، جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کامظاہرہ کیا جارہا ہے۔

مختلف ٹیمیں ٹیکنیکل بیٹل ڈرلزاوردیگرحربی صلاحیتوں کامظاہرہ کررہی ہیں جبکہ آبی رکاوٹوں ودیگرچیلنجز پر مبنی مقابلے بھی ہوں گے۔

گذشتہ روز چوتھے بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے 2021 کا آغاز ہوا تھا ، 3روزہ مقابلوں میں پاکستان آرمی کی 8 ڈومیسٹک ٹیموں کے علاوہ 8 اتحادی ممالک کی ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق  اتحادی ممالک میں اردن ، سری لنکا ، ترکی اور ازبکستان کی ٹیمیں مقابلوں میں شریک ہوں گی جبکہ مراکش ، انڈونیشیا ، قازقستان اور تاجکستان مبصرین کی حیثیت سے حصہ لیں گے ۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مقابلوں میں شرکا کی جانب سے پیشہ ورانہ اور فزیکل مہارتوں کا مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ ٹیمیں 62گھنٹوں پر محیط اس ایونٹ میں مختلف نوعیت کی رکاوٹوں کو عبور کریں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نئی سہولیات کے اضافے نے 2500 ایکڑ پر پھیلے ہوئے انسداد دہشت گردی کے قومی مرکز (این سی ٹی سی) کو بین الاقوامی افواج کے مابین انسداد دہشت گردی کی بہترین تربیت گاہ میں تبدیل کردیا ہے۔