سینیٹ الیکشن: پولنگ کا وقت ختم، گنتی جاری، نتائج آنا شروع

251

اسلام آباد: سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے جبکہ ووٹوں کی گنتی شروع ہوچکی ہے اور ملک کی چاروں صوبائی اسمبلیاں و قومی اسمبلی سے ایوان بالا کے لیے 37 سینیٹرز کا انتخاب کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لیے قومی اسمبلی کے کُل 342 اراکین میں سے 340 ارکان نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا جبکہ الیکشن کمیشن کو آخر وقت تک جماعت اسلامی کے مولانا اکبر چترالی کے ووٹ کا انتظار رہا ، تاہم ڈسکہ میں دوبارہ الیکشن کے باعث نشست خالی ہے۔

ایوان بالا کی 37 نشستوں کے لیے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ کا عمل آج صبح 9 بجے سے شروع ہوا تھا جو شام 5 بجے ختم ہوگیا جبکہ دوپہر 3 بجے تک قومی اسمبلی کے 340 اراکین نے اپنے ووٹ کاسٹ کردیا۔

خیال رہے قومی اسمبلی میں ریٹرنگ آفیسر کے مطابق 340 اراکین ووٹ کاسٹ کر چکے  ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے مولانا اکبر چترالی نے اپنے ووٹ کاسٹ نہیں کیا کیونکہ جماعت اسلامی نے مرکز اور سندھ میں ووٹ نہ ڈالنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

واضح رہے سندھ کی 11،خیبر پختونخوا کی 12، بلوچستان کی 12 اور اسلام آبادکی 2 نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جبکہ پنجاب کی تمام 11نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔

صوبوں کی نشستوں پر اراکین صوبائی اسمبلی اور اسلام آبادکی 2 نشستوں پر اراکین قومی اسمبلی ووٹ کاسٹ کریں گے اورمجموعی طورپر جنرل نشستوں پر 39 امیدوار ،خواتین نشستوں پر 18، ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر 13اور اقلیتوں کی نشستوں پر8 امیدوار میدان میں ہیں۔

دوسری جانب سینیٹ انتخابات کا سب سے دلچسپ اور کڑا مقابلہ وفاقی دارالحکومت کی جنرل نشست پر ہے جہاں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور وزیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں جبکہ حکومتی اتحاد کے پاس 181 جب کہ اپوزیشن نشستوں پر موجود جماعتوں کے پاس 160 نشستیں ہیں۔

انتخابات کے لیے قومی و صوبائی اسمبلیاں پولنگ اسٹیشنز میں تبدیل ہو چکی ہیں جبکہ اسمبلیوں کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گیے ہیں اور اسمبلیوں میں عملے کا داخلہ منع ہے  اور الیکشن کمیشن کے عملے نے کنٹرول سنبھال رکھا ہے اور اسمبلیوں میں اراکین کے موبائل فون لے جانے پر پابندی ہے۔