سینیٹ الیکشن 2021: عمران خان نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا

285

اسلام آباد: آج ہونے والے سینیٹ کے انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے وزیرِ اعظم عمران خان الصبح پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گیے اور اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان آج ہونے والے سینیٹ الیکشن کے لیے قومی اسمبلی میں پہنچے جہاں حکومتی ارکان نے ان کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر حکومتی اراکین نے وزیراعظم کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔

ایوان میں پہنچنے پر ووٹ ڈالنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کا نام پکارا گیا جس کے بعد انہوں نے ریٹرننگ افسر کے پاس جاکر اپنے ووٹ کا اندراج کیا اور ووٹ کاسٹ کیا جبکہ وزیراعظم کی اسمبلی میں موجودگی کے دوران پیپلز پارٹی ارکان نے نعرے بازی کی جس پر چیف الیکشن کمشنر نعرے بازی نہ کرنے کی ہدایت کرتے رہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ایوان میں حفیظ شیخ اور دیگر حکومتی وزرا سے غیر رسمی ملاقات بھی کی جبکہ وزیراعظم اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد ایوان سے چیمبر میں چلے گیے۔

یاد رہے گزشتہ روز ظہرانے سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چوروں کے ساتھ مقابلہ ہے، جیت ہماری ہی ہوگی، سینیٹ میں کم نمائندگی کی وجہ سے ہماری مؤثر آواز نہیں تھی، ہمارے سینیٹرز آئیں گے تو آواز بھی ہوگی اورقانون سازی بھی،محض کرپشن کی وجہ سے اپوزیشن سے ہاتھ نہیں ملایا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی میں ریٹرننگ افسر نے ووٹ کاسٹ کرنے سے متعلق اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سینیٹ کا انتخاب خفیہ ووٹنگ کے ذریعے ہو رہا ہے کوئی بھی شخص ووٹ پر نشانی درج نہ کرے ورنہ ووٹ مسترد ہو جائے گا۔

ریٹرننگ افسر ظفر اقبال نے یہ بھی کہا ہےکہ 2 لوگوں کو پہلی ترجیح دینے پر بھی ووٹ مسترد ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ ایوانِ بالا سینیٹ کی 37 نشستوں کے لیے انتخابی میدان سج چکا ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ کا عمل کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔