“سینیٹ انتخابات میں جماعت اسلامی کی حکمت عملی درست تھی”

635

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ  کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی نظریے اور اصولوں کے ساتھ ملک و ملت کو بحرانوں سے نکالنے کی سیاست کرتی ہے، سینیٹ انتخابات میں جماعت اسلامی کی حکمت عملی درست اور باوقار ہے ۔

 کسانوں کی بیٹھک، انتخابی سیاسی اور تعلقات عامہ سیکشن انچارجز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ  سیاسی جمہوری قیادتوں اور جماعتوں کا ملک و ملت کو منظم پائیدار اور پروگریسو بنیادوں پر چلانے کا کوئی وژن اور لائحہ عمل نہیں ہے ۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ انتخابی نظام جمہوری غیر ذمہ دارانہ رویوں کی وجہ سے شرمناک اور داغدار بنادیا گیاہے ، ملک کو قرضوں ، بیرونی دباﺅ سے آزاد کرانے کے لیے زراعت کی ترقی کو اولین ترجیح دینا ہوگی ۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہاکہ حکومتوں کے زراعت کو ترقی دینے کے اعلانات عام کسان تک فوائد نہیں پہنچاتے ، کپاس قومی پیداوار میں بہت اہم ہے لیکن حکومتوں کی غفلت اور غلط پالیسی سے کپاس کی پیداوار اور کاشت بری طرح متاثر ہو گئی ہے ۔

نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا  کہ  پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ گیم چینجر ہے، زراعت کی سائنسی ، تکنیکی اور تحقیقی ترقی کے لیے چین کے ساتھ مل کر بنیادی اقدامات کیے جائیں ۔