بابراعظم اور محمد نبی کی عمدہ پارٹنرشپ نے کراچی کنگز کو چھ وکٹوں سے کامیابی دلادی

270

کراچی (سید وزیر علی قادری): شہر قائد میں  پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو چھ  وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز  نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ فاتح ٹیم نے 189 رنز کا ہدف 3 گیندیں قبل 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔  35 گیندوں پر 67 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے پر کراچی کنگز کے محمد نبی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

 مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے ان فارم اوپنر شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹے تو ان کا ٹاپ آرڈر لڑکھڑا گیا اور صرف 43 اسکور پر اس کی ابتدائی تین وکٹیں گرچکی تھیں جبکہ جو کلارک 17 اور کولن انگرام 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

جس کے بعد اوپنر بابراعظم نے ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ محمد نبی کے ہمراہ دباؤ کو پس پشت ڈال کرذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے  ہدف کا تعاقب شروع کردیا۔ دونوں بلے بازوں نےمتعدد مرتبہ گیند کو باؤنڈری لائن کے پار پہنچا کر میچ میں زبردست واپسی کی۔ انہوں نے چوتھی وکٹ کے لیے  118 رنز کی عمدہ شراکت قائم کرکےکراچی کنگز کی پوزیشن مستحکم کردی۔

محمد نبی 35 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی بدولت 67 رنز کی بہترین اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انہیں ثاقب محمود نے آؤٹ کیا۔  دوسری طرف اوپنر بابراعظم نے 45 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی۔ آسٹریلوی آلراؤنڈر ڈین کرسچن  16 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز نے 189 رنز کا ہدف 19.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پشاور زلمی کے ثاقب محمود نے 2 جبکہ محمد عرفان اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل  پاکستان سپر لیگ6   کے 13 ویں میچ میں کراچی کنگز کےکپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈ نگ کا فیصلہ کیا    تو پشاور زلمی کے ابتدائی تین کھلاڑی صرف 34 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ کامران اکمل 17 گیندوں پر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،  انہیں کراچی کنگز کی جانب سے پی ایس ایل میں اپنا ڈبییو کرنے والے عباس آفریدی نے آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کے ٹام کوہلر بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے،  وہ 10 رنز بنا کر عباس آفریدی کا شکار بنے۔تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک  صرف ایک رن بنا کر  محمد الیاس  کی گیند پر   ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

پاور پلے میں ہی اپنی تین وکٹوں کھونے کی وجہ سے پشاور زلمی کی  بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار ہوگئی اورنوجوان بیٹسمین حیدر علی بھی 9 رنز بنا کرچلتے بنے۔ ایسے میں  شرفین ردر فورڈ نے انگلش آلراؤنڈر روی بوپارا کا خوب ساتھ دیا اور دونوں بیٹسمینوں نے ٹیم کا مجموعہ 69 سے 151 پر پہنچا دیا۔

اس دوران روی بوپارا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی  ، انہوں نے  ایک چھکا اور چھ  چوکوں کی مدد سے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔  3چھکوں اور تین چوکوں پر مشتمل 46 رنز کی اننگز کھیلنے والے ردر فورڈ محمد الیاس کا شکار بنے۔

اُدھر ڈین کرسچن نے پی ایس ایل 6کی  تاریخ  کا مہنگا ترین اوور کروایا،ڈین کرسچن نے اپنے آخری اوور میں 32 رنز دئیے انہیں نوجوان عماد  بٹ نے چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ وہ 7 گیندوں پر 27 رنزبناکر ناٹ آؤٹ رہے۔  پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان 188 رنز بنائے۔

 کراچی کنگز کے محمد الیاس اور عباس آفریدی نے 2،2 جبکہ ڈین کرسچن نے ایک وکٹ حاصل کی۔