جماعت اسلامی کے عنایت اللہ خان نے ووٹ کاسٹ کر دیا

338

جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی عنایت اللہ خان نے خیبرپختونخوااسمبلی میں سینیٹ کے لیے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

سینیٹ انتخابات کے لیے قومی و صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے، کے پی کے اسمبلی میں جماعت اسلامی کے رکن عنایت اللہ خان نے ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔

ووٹ کاسٹ کرنے والے اولین ارکان میں سے ایک عنایت اللہ خان ہیں بقیہ اراکین  گروپس کی شکل میں وزیراعلیٰ کے پی کے کی قیادت میں اسمبلی ہال پہنچیں گے۔

عنایت اللہ خان کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں جماعت اسلامی کے 12 ووٹ ہیں جنہیں محفوظ رکھیں گے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان قیصر شریف نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ جماعت اسلامی وفاق اور صوبوں میں تحریک انصاف اور حکومت کے امیدواروں کو ووٹ نہیں دے گی ، جماعت اسلامی پاکستان کی مجلس عاملہ میں خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کے ساتھ ہونے والے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاہدے کی توثیق کر دی ہے۔

مرکزی مجلس عاملہ کے فیصلے کے مطابق جماعت اسلامی مرکز اور صوبہ سندھ میں کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دے گی ، قیصر شریف نے کہا کہ حکومت اور تحریک انصاف کے رہنما جھوٹا پروپیگنڈا کرنے سے گریز کریں۔ جماعت اسلامی اپنے پلیٹ فارم سے عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔