اقلیتوں کو ان کا اپنا مذہب پڑھایا جائیگا، شفقت محمود

280
اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے برطانوی ہائی کمشنرکرسچین ٹرنر ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ غیر مسلم طلبہ و طالبات کو اسلامیات کے بجائے ان کی اپنی مذہبی اقدار کو پڑھایا جائے گا۔ منگل کو جاری بیان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ مسیحی، ہندو، سکھ، بہائی مت اور کیلاش کمیونٹی کے لیے علیحدہ مضمون (جو کہ
ان مذاہب کے اکابرین اور اسکالرز کی مشاورت و معاونت سے تیار کیا گیا ہے) پڑھایا جائے گا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ پرائیویٹ پبلشرز کو کتابوں کی اشاعت کی اجازت دی گئی ہے اور صوبے اور نجی تعلیمی ادارے کوئی بھی کتاب پڑھا سکتے ہیں تاہم وفاقی وزارت تعلیم نے اس ضمن میں 2 باتوں کو یقینی بنایا ہے پہلی یہ کہ پرائیویٹ پبلشرز کی کتب ”یکساں تعلیمی نصاب“ سے ہم آہنگ ہونی چاہئیں اور دوسرا یہ کہ کسی بھی طبقہ ہائے فکر کے جذبات و احساسات کو مجروح کرنے والا یا کسی قسم کا نفرت انگیز مواد کتاب میں شامل نہ کیا گیا ہو۔