ملک کو دیانتدار اور صالح قیادت کی ضرورت ہے، راشد نسیم

99

لاہور( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ ملک کو دیانتدار اور صالح قیادت کی ضرورت ہے جو اس کی کشتی کو بھنور سے نکال سکے ۔ ہاورڈ اور آکسفورڈ سے تعلیم یافتہ لوگوں نے ملک کی معیشت کو تباہ اور قوم کو عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی میں دیا ۔ پاکستان مزید ان لوگوں کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ اسلامی ذہن کے لوگوں کو آگے لانا چاہیے ۔ جماعت اسلامی اس کے لیے تربیت سازی کر رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں اپنی صدارت میں ہونے والے شعبہ تربیت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ راشد نسیم نے کہاکہ جماعت اسلامی سالہا سال سے منصورہ اور دیگر شہروں میں تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کر رہی ہے جس کا مقصد فرد کی اصلاح ہے ۔ جماعت اسلامی فرد اورمعاشرے کی اصلاح چاہتی ہے ۔ ہم اسلامی انقلاب کے خواہاں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قوم سالہا سال سے کرپٹ سرمایہ دارانہ نظام کو بھگت رہی ہے ۔ ملک کو اسلامی معیشت کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ امانت دار لوگ آگے آئیں گے تو پاکستان پٹڑی پر چڑھے گا اور قوم استعمار کی غلامی سے آزاد ہوگی ۔ اجلاس میں جماعت اسلامی کے رہنما سید وقاص جعفری ، اظہر اقبال حسن ، ڈاکٹر ظفر الٰہی ، حافظ اسرار اور مولانا احسان اللہ بھی شریک تھے ۔