غریب مریضوں کے علاج کیلیے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں،ڈاکٹر صدیق

142

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ نے کہا ہے کہ ہم اسپتال میں آنے والے مریضوں کے علاج کےلیے اپنے تمام تر وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہیں تاکہ غریب مریضوں کا علاج ممکن ہوسکے۔ وہ اپنے دفتر میں ملاقات کےلیے آنے والے مختلف سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن عبدالستار جتوئی، اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر شاہد اسلام جونیجو، اے ایم ایس پیرا ڈاکٹر شوکت علی لاکھو، آر ایم او جنرل ڈاکٹر فیصل میمن، سینئر فارماسسٹ عبدالحفیظ شر اور دیگر بھی موجو د تھے۔ ڈاکٹر محمد صدیق پہوڑ نے کہاکہ ہم اسپتال میں زیر علاج مریضوں کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنے کےلیے کام کررہے ہیں اس حوالے سے گردوں کے علاج کے شعبے کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے ، یورولوجی ،نیفرولوجی ، جبکہ یورولوجی ڈپارٹمنٹ میں لیتھوٹرپسی مشینیں جو گردے کی پتھری کو پیس کر نکالتی ہیں اس کے علاوہ نیفرلوجی ڈپارٹمنٹ میں شعبہ میں 20 سے زائد ڈائیلسز مشینیں موجود ہیں ان میں ہپاٹائٹس اور دیگر مہلک امراض کے مریضوں کےلیے علیحدہ سے ڈائیلسز مشین کا انتظام ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف شعبوں میں اینڈوس کوپی مشینیں بھی موجود ہیں جبکہ پتے کی پتھری کو نکالنے کےلیے بھی جدید مشینیں دن رات کا م کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسپتال میں مریضوں کےلیے ریڈیالوجی ڈپارٹمنٹ میں جدید ایکسرے، الٹر ا سا¶نڈ مشینوں کے علاوہ ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین مشین لگائی گئی ہیں اور اس شعبے میں بھی مزید توسیع کی جارہی ہے۔