سعودی سرحدی علاقے پر ایک اور میزائل حملہ‘ 5 افراد زخمی

177
ریاض: سعودی سرحدی علاقے جازان میں یمنی باغیوں کے میزائل حملے کے بعد دکان کا سامان بکھرا پڑا ہے

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان میں پیر اور منگل کی درمیانی شب یمنی باغیوں کی جانب سے داغا گیا میزائل گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق جازان میں محکمہ شہری دفاع کے میڈیا ترجمان کرنل محمد بن یحیی الغامدی نے بتایا کہ سرحدی گاوں میں یمن سے میزائل داغے گئے۔ ‘جائے وقوع پر پہنچ کر پتا چلا کہ ملٹری پروجیکٹائل ایک عوامی مقام پر گرا ہے جس سے 5 شہری زخمی ہو گئے، جن میں 3 سعودی شہری اور 2 یمنی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پرطبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اڑتے ہوئے ٹکڑے گرنے سے 2 گھروں، ایک جنرل اسٹور اور 3 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے گزشتہ ہفتوں سے سعودی عرب کی جانب میزائل اور ڈرون داغے جانے کے واقعات تسلسل کے ساتھ پیش آ رہے ہیں۔ ایک روز قبل ہی سعودی عسکری اتحاد نے حوثیوں کے میزائل اور ڈرون فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ دوسری جانب ریاض میں امریکی سفارت خانے نے جازان میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے حوثیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے سے باز رہیں اور سفارتی بات چیت کا راستہ اختیار کریں۔